بھکر ( نامہ نگار ) ضلع بھکر کی سیاست اور ترقی کے خاموش انقلاب کے پیچھے ہماری تعمیری سوچ انقلابی ایجنڈے اور ریکارڈ ساز ترقیاتی کاموں کا ہاتھ ہے ، آج بھکر کے گوشے گوشے میں تبدیلی ہماری دس سالہ مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے ۔ یہاں ٹی ایم اے آفس کلورکوٹ میں کھلی کچہری اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے 5 کروڑ روپے کی لاگت سے اب گریڈیشن کے جاری کام کے معائنہ کے بعد میڈیا اور عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے ایم پی اے محمد ثناء اللہ خان مستی خیل نے کہا کہ جب وہ ایم این اے منتخب ہوا تو ان کے تعمیری ایجنڈے کا ہر سیاسی ڈیرے پر مذاق اڑایا گیا کہ مستی خیل وقت ضائع کررہا ہے ، مگر آج الحمداللہ پینگ لڑ بھریڑی سے لے کر بہل تک اور علی خیل تک ، ہر سیاستدان تعمیری سیاست اور ترقیاتی کاموں کا پرچم اٹھائے ہوئے ہے ، مستی خیل نے کہا کہ میرا اتحاد عوام سے ہے جب عوام اتحاد کرلیتے ہیں تو بڑے بڑے بت پاش ہوجائے ہیں ۔ عوام نے مجھے اسمبلی کے ایوان میں پہنچا کر اپنی طاقت دکھا دی ، بھکر کی سرزمین سے چونسٹھ سالوں میں درجنوں سیاستدان اسمبلی میں جانے کے باجود یکطرفہ اقتدار ملا ہے ، مگر غریب کی بھلائی اور علاقہ کی ترقی میری سیاست کا محور ہے ۔